رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار کو ہوگا

پشاور: ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں ہوا جس کی سربراہی چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخیبر آزاد نے کی۔
ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں جس کے بعد پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہوگا۔ چاند سے متعلق باضابطہ اعلان مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کی جانب سے کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کی زونل کمیٹی کے مطابق لاہور میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کسی شہر سے اب تک چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
کراچی میں بھی زونل کمیٹی کو چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جبکہ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کی زونل کمیٹی کو اب تک چاند کی رویت کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اُدھر محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔