طلاقوں میں اضافے کی وجہ ڈرامے، مجھے روزانہ شادی کے پیغامات ملتے ہیں، رابی پیرزادہ

لاہور: سابقہ گلوکارہ اور اداکارہ رابی پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر شادی کے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔
رابی پیرزادہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے روازنہ کی بنیاد پر شادی کے پیغامات بھیجے جاتے ہیں، ہماری فاؤنڈیشن کے 8 سے 10 نمبر ہیں اور ان نمبروں پر آنے والا ہر تیسرا میسج شادی کا پیغام ہوگا، میں اپنی ذاتی زندگی پر بات نہیں کرتی، میں ان لوگوں کو حق نہیں دیتی کہ میرے گھر میں جھانکیں۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا میرا ان کے لیے مشورہ ہے کہ اپنے اردگرد جو لڑکیاں اور خواتین ہیں ان کو رشتے بھیجیں، ان کی قدر کریں، آج کل نہ لڑکوں کی شادیاں ہو رہی ہیں نہ ہی لڑکیوں کی اور یہ مسئلہ بھی ہماری فاؤنڈیشن میں آتا ہے۔
مرد کی 4 شادیوں کے سوال پر بات کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ ہمیں اللہ کے حکم کو چیلنج نہیں کرنا چاہیے، شرط رکھی گئی ہے دونوں بیویوں کے ساتھ برابری کرو لیکن مجھے لگتا ہے یہ شرط پوری کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔
طلاق کی شرح کو ڈراموں سے جوڑتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا کہ آج کل کے ڈراموں میں بیوی کو انتہائی بددماغ دکھایا گیا ہے، جو اپنے شوہر کو تھپڑ مار رہی ہے، تھوک رہی ہے اور گھر چھوڑ کر جارہی ہے، جب ڈراموں میں یہ سب دکھایا جائے گا تو خواتین کے ذہنوں پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔