پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ ملتوی، 8 ستمبر کو نئے جلسے کا اعلان
اسلام آباد: پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کرکے 8 ستمبر کو کرنے کا اعلان کردیا۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں آج جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرکے جلسے کا این او سی منسوخ کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی، جس کا این او سی بھی تحریک انصاف کے رہنماؤں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اب 8 ستمبر کو جلسہ کرے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اعظم سواتی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 40 ہدایات کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کردیا، جس کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت جلسے کے لیے لوگ شام چار بجے اکٹھے ہوں گے اور 7 بجے پروگرام ختم کرنا ہوگا۔