آزاد کشمیر انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا

اسلام آباد: گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے اور وہ کسی اتحاد کے بغیر ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 میں سے 42 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا جبکہ پیپلز پارٹی نے 9 اور مسلم لیگ ن نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں پولنگ کا ٹرن آؤٹ 58 فیصد رہا جب کہ 2016 کے عام انتخابات میں یہ شرح 65 فیصد تھی۔
الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے ذرائع کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2021 میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 6 لاکھ 13 ہزار 590 ووٹ حاصل کئے، جس کی شرح 32.5 فیصد بنتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 4لاکھ 91ہزار 91 ووٹ لئے جس کی شرح 25.65 بنتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی 3لاکھ 49 ہزار895 ووٹ لئے جس کی شرح 18.28 فیصد بنتی ہے۔ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے ایک لاکھ 53 ہزار 861 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 8.4 فیصد بنتی ہے، آزاد امیدواروں نے ایک لاکھ 33 ہزار 136 ووٹ حاصل کئے اور ان کی شرح 6.95 بنتی ہے. تحریک لبیک آزاد کشمیر نے 94 ہزار 487 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 4.94 بنتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انتخابی نتائج پر اپنی ٹویٹ کیا کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نہ کروں گی۔ میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے اور نہ اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔اس ’بے شرم دھاندلی‘ پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی‘۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔