پی ٹی آئی کے جلسے کا وقت ختم، ساؤنڈ سسٹم اورلائٹس بند
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے اسٹیج خالی کرادیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے مطابق جلسہ منتظمین جلسے کے اختتامی اوقات پرفوری عمل کریں، جلسہ ختم کرنے کا وقت 6 بجے تک تھا۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ ختم کرنے کے اوقات پر فوری عمل کیا جائے، این او سی کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کردیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔
پولیس نے مائیک اور لائٹس بند کرائیں۔ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کرواکر کنٹرول سنبھال لیا جب کہ بیرسٹر گوہر اسٹیج سے اترگئے۔
لائٹس بند ہونے پر شرکا جلسہ گاہ سے واپس جانے لگے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی جلسہ انتظامیہ کے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔