پی ٹی آئی رہنما جے پرکاش کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان، آبدیدہ ہوگئے
کراچی: پی ٹی آئی کے ایک اور اہم رہنما نے اس جماعت کو خیرباد کہہ دیا، جے پرکاش پارٹی سے مستعٰفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے روپڑے۔
پی ٹی آئی رہنما جے پرکاش نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ میں 2013 میں پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، پی ٹی آئی منظم پارٹی رہی ہے جس نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عہد کیا تھا، یہ جماعت ہمیشہ کرپشن سے دور رہی اور اس نے پاکستان کی معیشت میں اضافہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
جے پرکاش نے کہا کہ میں عمران خان اور عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنمائوں کا شکر گزار ہوں کیوںکہ میں آج جس مقام پر ہوں یہ ان ہی کی بدولت ہے، اس پارٹی کے مشکل وقت میں ہم نے ساتھ دیا اور یہ جمہوریت کی پارٹی ہے، ہم نے پُرامن احتجاج کیے مگر کبھی بھی ہمیں ایسے احکامات نہیں آئے جو ملک کے خلاف ہوں۔
جے پرکاش نے کہا کہ میں 9 مئی واقعے کی مذمت کرتا ہوں کیوںکہ پاک افواج کے سبب ہمیں تحفظ ملا ہے، پاک افواج ہیں تو ہی ہم ہیں، 9 مئی کو کس نے ہنگامہ آرائی کی اس کی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں، میں دل پر پتھر رکھ کر پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، پارٹی چھوڑنے کے اعلان کے دوران جے پرکاش آبدیدہ ہوگئے تھے۔
جے پرکاش نے کہا کہ جب ملک ڈوبنے کی جانب ہوتا ہے تو انسان کو دکھ محسوس ہوتا ہے، جن سے میرا تعلق رہا انہوں نے کبھی پُرتشدد رویہ اختیار کرنے کے احکامات نہیں دیے، آپ اس سے سوالات کریں جنہوں نے ہنگامہ آرائی کی، پارٹی میں دس میں سے ایک کی غلطی کی سزا، ان سب کو نہیں دی جاسکتی۔
خیال رہے کہ جے پرکاش 2018 سے 2023 تک رکن قومی اسمبلی رہ چکے، وہ پی ٹی آئی اقلیتی ونگ کے صدر بھی رہے ہیں۔