دھاندلی ہونے پر چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی اور ان کے خاندان کو مکمل سیکیورٹی دی جائے، دھاندلی ہونے پر چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں۔
بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ہمارا سنی اتحاد کونسل کے ساتھ جو معاہدہ ہوا اس پر بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کردیا ہے اور کل ہم نے پچاس ایم این ایز کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے، تمام فہرست سنی اتحاد کونسل کے نام سے جمع کرائی ہے، ہمارے جو ایم این ایز سنی اتحاد کونسل کو جوائن کریں گے اسی حساب سے ہمیں خصوصی نشستیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہمیشہ صاف و شفاف الیکشن کی استدعا کرتے رہے مگر الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام رہا، ہمارا مطالبہ ہے کہ نتائج فارم 45 کے تحت جاری کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں ہم چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو فی الفور مستعفی ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صحیح نتائج عوامی مینڈیٹ کے تحت جاری ہونا چاہئیں، کمشنر راولپنڈی نے واضح طور پر بتایا ہے کہ کس قسم کی دھاندلی ہوئی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کمشنر راولپنڈی اور ان کے خاندان کو مکمل سیکیورٹی دی جائے، اگر فارم 45 کے تحت نتائج جاری نہیں کیے جاتے تو اس سے آئی ایم ایف کا پروگرام متاثر ہوگا، ہم نے ایم ڈبلیو ایم کو سپورٹ کیا ہے وہ مرکز میں ہمارے ساتھ بیٹھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے چونکہ ہم صوبے میں بھی انگیج ہیں لہٰذا مرکز میں بھی اسی جماعت کے ساتھ اتحاد ہوا ہے۔