شاہ محمود، اسد عمر اور دیگر گرفتاری دینے کیلیے قیدی وین میں جابیٹھے
لاہور: سابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے آغاز پر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکریٹری اسد عمر سمیت کئی رہنماؤں نے گرفتاری دے دی۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور آفس پر پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور کارکن قیدیوں کی گاڑی میں سوار ہوگئے اور قیدیوں کی وین کی چھت پر چڑھ گئے۔
گرفتاری دینے والوں میں عمر سرفراز چیمہ، اعظم سواتی اور دیگر شامل ہیں۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ہم نے گرفتار نہیں کیا، یہ خود ہی پریژن وین میں آکر بیٹھ گئے، ہمیں حکومت کی جانب سے گرفتاری کا کوئی حکم موصول نہیں ہوا ہے۔
پولیس نے اہلکاروں سمیت سب کا داخلہ سی سی پی او آفس میں روک دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کارکن سی سی پی او آفس کے سامنے سڑک پر لیٹ گئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے پولیس سے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ کارکن وین میں چڑھ کر سیلفیاں بناتے رہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی گرفتاری دینے والے رہنماؤں کی سیلفی جاری کی گئی ہے۔
بعد ازاں تحریک انصاف کے متعدد کارکن پولیس وین سے اتر گئے اور سی سی پی او آفس سے واپس چیئرنگ کراس کی طرف روانہ ہوگئے۔