حکمراں جماعت کا سینیٹ انتخابات کیلیے امیدواروں کا اعلان
اسلام آباد: حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کو فائنل کیا گیا اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب سے سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، عون عباس، علی ظفر اور ڈاکٹر زرقا کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
سندھ سے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو امیدوار ہوں گے جب کہ خیبر پختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، نجیب اللہ خٹک، دوست محمد اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند امیدواروں میں شامل ہیں۔
ثانیہ نشتر، فلک ناز چترالی اور گوردیپ سنگھ بھی خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
حکمراں جماعت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان سے عبدالقادر تحریک انصاف کے سینیٹ کے امیدوار ہوں گے۔
تحریک انصاف کی جانب سے بابر اعوان، شہزاد اکبر، عامر مغل اور سجاد طوری سینیٹ کا ٹکٹ حاصل نہ کرسکے۔ْ
خیال رہے کہ ملک میں سینیٹ انتخابات کا انعقاد 3 مارچ کو کیا جائے گا، جس کے لیے کاغذات نامزدگی 15 فروری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔