نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر پی ایس ایل ٹرافی کے جلوے
نیویارک: امریکا کے شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹرافی کے جلوؤں نے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔
ٹائمز اسکوائر پر پی ایس ایل ٹرافی کی نمائش نے شائقین کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں فینز ٹائمز اسکوائر پہنچے اور پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
ٹرافی کو خصوصی بس کے ذریعے ٹائمز اسکوائر پہنچایا گیا۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، صائم ایوب، سعود شکیل اور ابرار احمد ٹرافی کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر بھی اس موقع پر شریک ہوئے۔
فینز نے کھلاڑیوں اور چیئرمین پی سی بی کے ساتھ تصاویر لینے کے علاوہ پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور اس میں دُنیا بھر کے بڑے کھلاڑی جلوہ افروز ہوتے ہیں۔