پی ایس ایل کے بقیہ مقابلوں کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں!
کراچی: پاکستان سپرلیگ 5 کے پلے آف میچز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں عملہ سپورٹنگ پچز بنانے کے لیے سرگرم ہے۔
پی ایس ایل 5 کے امسال کے شروع میں کورونا وبا کے باعث ملتوی شدہ میچز اب رواں ماہ کراچی میں ہونا ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلوں کے لیے تیاریاں زورشور سے جاری ہیں، عملہ سپورٹنگ پچز بنانے کے لیے سرگرم ہے، جہاں بیٹسمینوں کا راج ہوگا، روایتی طور پر اسپنرز کو بھی مدد ملے گی۔
دوسری جانب اطراف میں پریکٹس ٹریکس کی تیاری بھی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوں گے، مرکزی عمارت کے مختلف حصوں میں صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے، بڑے پینا فلیکس لگائے جارہے ہیں، چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ایونٹ کے آغاز سے ایک روز قبل متعلقہ ادارے اسٹیڈیم کو سخت حفاظتی حصار میں لے لیں گے، دوسری جانب میچز کے لیے شہر کو سجانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، کراچی کے مرکزی چوراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر بھی آویزاں نہیں کی گئیں، چراغاں بھی نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ایسا اہتمام کرنے سے گریز کیا جارہا ہے، شہریوں کی بڑی تعداد ان مقامات پر آ کر جمع ہوتی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کمشنر کراچی کی دہری ذمے داریاں سنبھالنے والے افتخار شالوانی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ہیں، ان کے ترکی میں ہونے کی وجہ سے کمیٹی کا اجلاس بھی نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 نومبر کو ان کی وطن واپسی پر اہلیان شہر کی جانب سے ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے استقبالیہ تقریب کا امکان ہے۔