وزیراعظم کی نج کاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نج کاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نج کاری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مختلف اداروں کی نج کاری کے عمل پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نج کاری کے ذمے دار اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں، اس سے معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کا عمل تیز ہوگا۔
وزیراعظم نے حکام کو کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی نج کاری سے متعلق حل طلب مسائل پیش کیے جائیں۔
اجلاس میں نج کاری کے عمل میں شامل تمام اداروں کی مکمل فہرست اور پیش رفت رپورٹ بھی طلب کی گئی جب کہ بجلی کمپنیوں کو صوبوں کے سپرد کرنے کی تجویز پر جائزہ کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔