وزیراعظم عمران خان کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہارِ افسوس
اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دلیپ کمار کی سخاوت کو کبھی نہیں بھول سکیں گے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دلیپ کمار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دلیپ کمار کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت رنج ہوا۔
Saddened to learn of Dilip Kumar's passing. I can never forget his generosity in giving his time to help raise funds for SKMTH when project launched. This is the most difficult time – to raise first 10% of the funds & his appearance in Pak & London helped raise huge amounts.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 7, 2021
انہوں نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کی تعمیر کے لیے دلیپ کمار کے وقت اور فنڈز اکھٹا کرنے میں مدد کرنے کی وجہ سے میں انہیں کبھی نہیں بھول سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ کینسر اسپتال کی تعمیر کے آغاز کا وقت ایک مشکل وقت تھا لیکن پاکستان اور لندن میں دلیپ کمار کی موجودگی کی وجہ سے خطیر فنڈ جمع ہوجایا کرتا تھا۔
عمران خان نے ان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کی نسل کیلئے دلیپ کمار سب سے بڑے اور انتہائی ورسٹائل اداکار ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔