وزیراعظم گیس قیمت میں اضافے پر برہم، فارنزک آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر وزیراعظم شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت توانائی کو ایک سے 3 ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیے جب کہ ایک ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فارنزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور تین ماہ میں گیس انفرا اسٹرکچر، گیس چوری اور ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا اور گیس کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مانیٹرنگ کے لیے فوری بین الوزارتی کمیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک ماہ میں سرپلس بجلی کو کھپانے کے لیے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا پلان پیش کرنے، دو ہفتوں میں پاور اور پٹرولیم ڈویژن کو گردشی قرضے کا حل تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) گیس 155 فیصد مزید مہنگی کرنے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 4 ہزار 489 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطاً 155 فیصد تک مزید اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔