وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی

مکۃ المکرمہ: وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بُنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے۔
وزیرِاعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ ولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم اور پاکستانی وفد سعودی ولیِ عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمرہ کی ادائیگی کی۔
بیان کے مطابق پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کے دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، وزیراعظم اور آرمی چیف نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکرانہ ادا کیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے وفد کے ہمراہ پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔