صدر زرداری نے جسٹس منصور اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کرلیے

اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کرلیے گئے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفے منظور کرلیے ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل استعفے میں کہا تھا کہ 27 ویں آئینی ترمیم آئین پاکستان پر سنگین حملہ ہے، 27 ویں آئینی ترمیم نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میں نے ادارے کی عزت، ایمان داری اور دیانت کے ساتھ خدمت کی، میرا ضمیر صاف ہے اور میرے دل میں کوئی پچھتاوا نہیں ہے اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی حیثیت سے استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ 27 ویں ترمیم کی منظوری سے پہلے میں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر اس بات پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ اس میں تجویز کردہ شقوں کا ہمارے آئینی نظام پر کیا اثر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آنے والی نسلیں انہیں کسی مختلف نظر سے دیکھیں گی تو ہمارا مستقبل ہمارے ماضی کی نقل نہیں ہوسکتا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے لکھا کہ ججوں کا لباس آخری بار اتارتے ہوئے سپریم کورٹ جج کے عہدے سے رسمی استعفیٰ پیش کرتا ہوں جو فوری مؤثر ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔