صدر ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دے دیا

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو مردہ معیشت قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس کی پروا نہیں کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ (بھارت اور روس) اپنی مردہ معیشت کو ایک ساتھ نیچے لے جاسکتے ہیں اور مجھے اس کی فکر ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بہت تھوڑا سا کاروبار کیا ہے مگر ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ بالکل ایسے ہی روس اور امریکا کے درمیان کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ مکمل ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ امریکا پاکستان کے تیل ذخائر بڑھانے کے لیے اقدام کرے گا۔
دوسری جانب اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔