صدر جوبائیڈن کا امریکی صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کا اعتماد کھونے کے بعد دوسری مدت کے لیے جاری اپنی انتخابی مہم ختم کرتے ہوئے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ جنوری 2025 میں اپنی مدت کے اختتام تک صدر اور کمانڈر انچیف کی حیثت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے وہ قوم سے خطاب کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں پارٹی اراکین سے انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں نامزدگی قبول نہ کروں اور میں اپنی پوری توجہ بطور صدر میری بقیہ مدت پر مرکوز کروں۔
جوبائیڈن نے امریکی قوم کے نام جاری بیان میں کہا کہ آپ کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر مجھے بڑا فخر ہے اور میرا ارادہ دوبارہ صدارت کے لیے انتخاب میں حصہ لینا تھا، میرا ماننا ہے کہ یہ میری پارٹی اور میرے ملک کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں انتخاب نہ لڑوں اور بحیثیت صدر میں اپنی بقیہ مدت کے دوران اپنے فرائض انجام دینے کے لیے پوری توجہ دوں۔
ڈیموکریٹس سے تعلق رکھنے والے 81 سالہ جوبائیڈن نے اپنی جگہ نائب صدر کملا ہیرس کو پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی حمایت کی۔
انہوں نے لکھا کہ میرا 2020 میں پہلا فیصلہ کملا ہیرس کو پارٹی کی نامزدگی کے تحت بطور نائب صدر منتخب کرنا تھا اور یہ میرا بہترین فیصلہ تھا اور آج میں اپنی مکمل حمایت اور توثیق کرنا چاہتا ہوں کہ کملا ہیرس رواں برس ہماری پارٹی کی امیدوار ہوں۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ڈیموکریٹس، متحد ہوکر ٹرمپ کو ہرانے کا وقت آگیا ہے اور کوشش کریں۔
انہوں نے اپنے بیان میں انہیں دوبارہ صدر منتخب کرنے کے لیے کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور نائب صدر کملا ہیرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیرمعمولی کردار ادا کیا۔