پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، صدر علوی
اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہمیں یوم آزادی مناتے ہوئے اپنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے آباو اجداد کی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ہمیں کارکنانِ تحریک پاکستان کے نظریات پر قائم رہنے کے عزم کی تجدید اور ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بہت سے مسائل درپیش ہوئے لیکن ہماری پُرعزم قوم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے ان پر قابو پالیا، ہمیں کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر پر لازماً عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا، ہماری معیشت ہر شعبے میں ترقی کررہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بحران سے نکل چکے ہیں۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمیں یوم ِ آزادی مناتے ہوئے اپنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے انہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز بے تحاشا مظالم کا نشانہ بنارہی ہیں، میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔