ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد دعائیہ تقریب، تلاوتِ قرآن اور اذان کا اہتمام

واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب حلف برداری کے بعد تمام مذاہب کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، جس میں مسلمانوں کی نمائندگی ایک امامِ مسجد ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن کے نیشنل کیتھیڈرل کے چرچ میں ہونے والی تمام مذاہب کی دعائیہ تقریب میں قرآن کی تلاوت کی گئی اور اذان بھی دی گئی۔
امریکا کی دی نینشنز مسجد کے پیش امام ڈاکٹر محمد فراسر نے تلاوت کلام پاک کرتے ہوئے سورہ حدید کی آیت 4 سے 7 تک پڑھی۔
ان آیات قرآنی میں اللہ کی قدرتِ کمال اور کامل اختیار کے ساتھ زمین اور آسمان کے بننے کے عمل کو بیان کیا گیا ہے۔
ترجمہ: ’’وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو 6 دن میں بنایا پھر وہ عرش پر قائم ہوا، وہ جانتا ہے جو چیز زمین میں داخل ہوتی ہے اور جو اس سے نکلتی ہے اور جو آسمان سے اترتی ہے اور جو اس میں اوپر چڑھتی ہے، اور وہ تمہارے ساتھ ہے جہاں کہیں تم ہو، اور اللہ اس کو جو تم کرتے ہو دیکھتا ہے۔
آسمانوں اور زمین کی حکومت اسی کے لیے ہے، اور سب امور اللہ ہی کی طرف لوٹائے جاتے ہیں۔ وہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے، اور وہ سینوں کے بھید خوب جانتا ہے۔
اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس میں سے خرچ کرو جس میں اس نے تمہیں پہلوں کا جانشین بنایا ہے، پس جو لوگ تم میں سے ایمان لائے اور انہوں نے خرچ کیا ان کے لیے بڑا اجر ہے۔‘‘
تلاوتِ کلام کے بعد دی نیشنز مسجد کے مؤذن ڈاکٹر شیخ اکبر شریف نے اذان دی۔
اس موقع پر ٹرمپ سمیت تمام شرکاء خاموشی اور احترام کے ساتھ تلاوتِ کلام پاک اور اذان سنتے رہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔