وزیراعظم آج پہلی الیکٹرک موٹرسائیکل کا افتتاح کریں گے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج پاکستان کی پہلی ماحول دوست الیکٹرک موٹرسائیکل (ای بائیک) کا افتتاح کریں گے۔
ای بائیک کا اجرا موجودہ حکومت کی پاکستان الیکٹرک وہیکلز پالیسی 25-2020 کا ایک اہم حصہ ہے اور یہ پالیسی گزشتہ سال منظور کی گئی تھی۔
اس پالیسی کے تحت ایک مضبوط الیکٹرک وہیکل مارکیٹ کو ہدف بنانا تھا جس میں 2030 تک مسافر وہیکلز اور ہیوی ڈیوٹی ٹرکس کا 30 فیصد جبکہ 2040 تک 90 فیصد حصہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس پالیسی کی نمایاں خصوصیات میں آٹو موبائل کی صنعت کی مرحلہ وار منتقلی بھی شامل ہے۔ اس میں 2 اور 3 پہیوں والی اور ہیوی کمرشل وہیکلز شامل ہیں جبکہ گاڑیاں بنانے والوں کو مراعات کی فراہمی بھی اس پالیسی کا حصہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لانچ کی جانے والی یہ الیکٹرک موٹرسائیکل ایک پاکستانی کمپنی جولٹا الیکٹرک نے تیار کی ہے، یہ ای بائیک جے ای 70، جے ای 70 ایل، جے ای 70 ڈی، جے ای 100 ایل، جے ای 125 ایل موٹرسائیکل، جے ای اسکوٹی اور جے ای اسپورٹس سمیت مختلف ماڈلز میں دستیاب ہو گی۔
ای بائیک توانائی کی بچت کرے گی اور رات بھر چارج ہو سکے گی جبکہ اس کی خصوصیات میں نہ تو کلچ اور نہ ہی گیئر ہے۔
ان جولٹا ای بائیکس کی رفتار 10 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو گی، یہ بائیک ایک دفعہ بار چارج کیے جانے کے بعد 60 سے 100 کلو میٹر تک فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت کی حامل ہو گی۔