کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب 23 سال سے بدعنوانی کے خلاف کام کررہا ہے، لیکن ہم اس لیے کرپشن پر قابو نہیں پاسکے کیونکہ ہم صرف چھوٹے لوگوں کو پکڑتے ہیں۔
وزیراعظم نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ ٹو کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹ 1100 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، چین کے اشتراک سے لگائے گئے پلانٹ سے نوجوانوں کو تکنیکی تربیت دینے میں مدد ملے گی، پاک چین سفارتی تعلقات کو 70 سال ہوچکے اور دونوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین نے بہت کم عرصے میں غربت سمیت دیگر مسائل پر قابو پایا، ہم ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، لوگوں کوغربت سے نکالنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، ملک کے لیے کلین انرجی بہت ضروری ہے، پاکستان کو سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، پاکستان کے دریاؤں میں 80 فیصد پانی گلیشیئرز سے آتا ہے، گلوبل وارمنگ میں ایسے منصوبے کسی نعمت سے کم نہیں، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، زرعی شعبے میں بھی چین سے مدد لے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم کرپشن کےخلاف بھی جہاد لڑرہےہیں، کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک طاقتور قانون کے نیچے نہیں آئے گا ترقی ممکن نہیں، چین نے کئی لوگوں کو کرپشن پر سخت سزائیں دی ہیں، نیب 23 سال سے کرپشن کے خلاف کام کررہا ہے، لیکن ہم اس لیے کرپشن پر قابو نہیں پاسکے کیونکہ ہم صرف چھوٹے لوگوں کو پکڑتے ہیں جب کہ چین میں دیکھا گیا کہ اوپر کی کرپشن پر ہاتھ ڈالا گیا تب ملک میں کرپشن کم ہوتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔