وزیراعظم 24 ستمبر کو اقوام متحدہ سے ورچوئل خطاب کریں گے
اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے 24 ستمبر کو آن لائن خطاب کریں گے، وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال، افغانستان کے موجودہ حالات، بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ عمران خان اپنے پالیسی بیان میں اہم عالمی اقتصادی اور سیاسی امور پر پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے، پاکستان اجلاس کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف توجہ دلائے گا۔
وزیراعظم عمران خان بھارت کی طرف سے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں کو روکنے کی طرف بھی دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے، وہ افغانستان کے استحکام کے لیے تجاویز بھی دیں گے، رواں سال اجلاس کا موضوع کورونا وائرس سے بحالی، پائیدار تعمیر نو، لوگوں کے حقوق کا احترام اور موسمیاتی تبدیلی ہے۔