جوانوں کی شہادت اندوہناک واقعہ، دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے کوہلو میں فوجی جوانوں کی شہادت کو اندوہناک واقعہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں کیپٹن سمیت 5 فوجی جوانوں کی شہادت اندوہناک واقعہ ہے، قوم دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اور سیکورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جواں مردی کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کررہے ہیں، قوم کو اتحاد اور اپنی بہادر سپاہ کے ساتھ یکجہتی کی ضرورت ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان میں فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سرزمینِ وطن کی حفاظت کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات ہوئے، دہشت گرد افغانستان سے دوبارہ منظم ہوکر واپس آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔