کورونا پھیلنے کا خدشہ: اپوزیشن دو تین ماہ بعد جلسے کرلے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ جلسوں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا، لیکن اس سے لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کریں اور کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کریں، ہم نے پہلی لہر میں اپنے لوگوں کو لاک ڈاؤن سے بچایا، پہلی لہر میں قوم نے ایس او پیز پرعمل کیا لیکن دوسری لہر میں باقی دنیا کے لیے بھی ایس اوپیز پرعمل درآمد مشکل ہوگیا ہے، کورونا کیسز میں اضافے سے ہمارے اسپتالوں، ہیلتھ ورکرز پرپریشر پڑے گا۔
وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے مجھ پر کوئی پریشرنہیں پڑے گا، وہ صرف لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اپوزیشن سے اپیل کرتا ہوں دو تین ماہ بعد جلسے کرلیں کیوں کہ جلسوں میں کورونا پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے، ملتان میں پی ڈی ایم جلسے کے بعد کورونا وارڈ کے 64 فیصد بیڈ بھرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اوریورپ میں کورونا کیسزمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بھارت میں کورونا سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اموات ہوئیں، پوری قوم کو کوروناایس اوپیزپرعمل درآمد کرنا چاہیے، ماسک کے استعمال سے کورونا پھیلنے کے چانس کم ہوجاتے ہیں، اگر اسی طرح کورونا کیسزمیں اضافہ ہوتا رہا تواسپتال بھرجائیں گے، زیادہ سردی میں کورونا کیسز پھیلنے کا خدشہ ہے، اس وقت پشاورمیں40 فیصد کورونا کے بیڈز بھرچکے ہیں۔