غیر معمولی حالات میں اکثریت کا انتخابی عمل میں حصہ لینا جمہوریت کی مضبوطی کا عکاس ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کس کو دینی ہے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ترک میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو سادہ اکثریت ظاہر کرے گا وہ حکومت بنائے گا۔ پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کس کو دینی ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ذمے داری عوام کا تحفظ اور سلامتی ہے۔ ملک کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کی کارروائی روکنے کا موثر طریقہ مواصلاتی ذرائع کو منقطع کرنا ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ دو صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود ووٹ ڈالنے کا تناسب بہت اچھا رہا، غیر معمولی حالات میں بڑی تعداد کا انتخابی عمل میں حصہ لینا جمہوریت کی مضبوطی کا عکاس ہے۔ آئین اور قانون کے مطابق سیاسی جماعتوں میں جمہوری عمل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے یہ واضح کردیا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری عمل سے گزرنا ہوگا،عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ خواہش ہے کہ حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہو۔ اب تک کے نتائج کے مطابق ایک مخلوط حکومت بنتی نظر آرہی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو باہمی مذاکرات کے ذریعے ایک نئی حکومت کی تشکیل کرنی ہے۔ نئی حکومت کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔