وزیراعظم دو روزہ دورے پر تاجکستان چلے گئے

اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر تاجکستان چلے گئے، وہ تاجک صدر کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرِاعظم عمران خان تاجکستان میں ایس سی او کے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ عمران خان ایران، قازقستان، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِاعظم تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کے لیے صدارتی محل کا دورہ بھی کریں گے۔
عمران خان پاک تاجک کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی خاطر مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی روس کے صدر کے ساتھ ملاقات طے تھی، صدر پوتن قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے دوشنبے نہیں آرہے، صدر پوتن اور وزیراعظم عمران خان کی فون پر بات ہوئی، وزیراعظم عمران خان اور صدر پوتن کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم تاجکستان میں بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے پر بات ہوگی، افغانستان کی صورت حال کانفرنس کا کلیدی حصہ رہے گی، تاجکستان کا افغانستان کے حوالے سے کردار اہم ہے، دورہ تاجکستان سے ہمارے نظریے کو تقویت ملے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔