ہمارا مقصد کسانوں کی آمدن کو دگنا کرنا ہے: وزیراعظم
بہاول پور: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں ریکارڈ موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فروخت ہوئیں، لیکن پھر بھی لوگ کہتے ہیں ملک تباہ ہوگیا۔
بہاولپور میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں قانون کی نہیں طاقت کی حکمرانی رہی، طاقتور ملک میں بڑا نفع کمارہا تھا، طاقت وروں کی ملک میں شوگر ملز ہیں، شوگر ملز مالکان کاشت کاروں کو اصل قیمت نہیں دیتے تھے، ہمارے دور میں کسانوں کو گنے کی پوری قیمت ملی، ہمارا مقصد کسانوں کی آمدن کو دگنا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ موٹرسائیکل فروخت ہوئے، لوگ کہتے ہیں ملک تباہ ہوگیا، اگر تباہ ہوگیا تو موٹر سائیکل کے اور ٹویوٹا کی گاڑیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور کبھی اتنی زیادہ گاڑیاں نہیں بکیں، موٹر سائیکل اس لیے بکے کیونکہ دیہات میں پیسہ بکا، سب سے زیادہ موٹرسائیکل وہیں بکے، پہلے دو سال ملک کو سنبھالتے رہے، اب آہستہ آہستہ اوپر جانا شروع ہوگیا، لیکن مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ملکی آبادی ساڑھے 22 کروڑ ہوچکی، لیکن آبادی کے تناسب سے پیداوار میں اضافہ نہیں ہوا، اس سال ہم نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ اناج درآمد کیا، کپاس جو کبھی ہم برآمد کرتے تھے، اب درآمد کرنی پڑی، جب تک کسانوں کی مدد نہیں کریں گے، تجارتی توازن بگڑا رہے گا۔