ن لیگ مافیا ذاتی مفادات میں اداروں، شخصیات کو متنازع بناتا ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو سے متعلق کہنا ہے کہ ن لیگ ایک مافیا ہے جو ذاتی مفادات میں اداروں اور شخصیات کو متنازع بناتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، ملک میں مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پیکیج سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم عمران خان نے وزراء اور رہنماؤں کو عوامی رابطوں کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو کا بھی تذکرہ ہوا، اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ صرف ن لیگ کی تاریخ کو یاد رکھیں، یہ وہی ہیں جنہوں نے جسٹس قیوم سے مرضی کے فیصلے کروائے، یہ ایک مافیا ہے جو ذاتی مفادات میں اداروں اور شخصیات کو متنازع بناتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز 16 مرتبہ عدالتوں سے التوا لے چکی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کو ای وی ایم سے متعلق ہدایت دی اور کہا کہ آئندہ انتخابات ہر صورت ای وی ایم پر ہی کروائے جائیں گے۔ پارٹی رہنما زیادہ سے زیادہ نئی ٹیکنالوجی پر لوگوں کے تحفظات کو دور کریں۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ووٹر لسٹوں پر بھی کام کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلانے سے باز آجائے، دنیا کے کرپٹ ترین لوگوں میں نواز شریف کا بھی نام آیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ شریف فیملی کسی موقع پر اپنی صفائی سے متعلق ثبوت پیش نہ کرسکی، شریف فیملی کے ثبوت عدالتوں کے سامنے آنا چاہئیں، جج کی ویڈیولیک کرکے اصل مدعے پر کیوں نہیں آرہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاسپورٹ بنانے میں سہولت فراہم کی ہدایت کی ہے۔ برطانیہ میں موجود اپارٹمنٹ کی تحقیق کی گئی تو مریم صفدر نے کہا میری لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو کلپ کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیبری کیٹڈ آڈیو مجھ سے منسوب کی گئی، اس طرح کی چیزیں بناکرلائی جارہی ہیں، یہ آوازمیری نہیں۔
سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے سوشل میڈیا پرایک اور مبینہ آڈیو کلپ وائرل ہونے پر کہا کہ میں نےابھی یہ آڈیوسنی ہے، اس طرح کی چیزیں بناکرلائی جارہی ہیں،یہ آوازمیری نہیں ہے۔