پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہوچکی، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہوچکی ہے، انہوں نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا، عوام ان کے ساتھ نہیں۔
حکومتی و اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا، وزیراعظم نے اہم حکومتی فیصلوں سے متعلق پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہوچکی ہے، انہوں نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا عوام ان کے ساتھ نہیں، یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے، خود پھنس گئے، آپ بے فکر رہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ براڈشیٹ معاملے پر کمیشن بنادیا ہے، براڈ شیٹ کے علاوہ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ارکان تمام لوگ مل کر احساس پروگرام پر پورا زور لگائیں، ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں، غریبوں کو سہولتیں فراہم کریں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی نے بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوالات کیے جس پر مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے قرضوں سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔