ہمارے لوگ متحد، حفیظ شیخ کامیاب ہوں گے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے مسلسل دوسرے روز بھی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔
ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں، میں اسی لیے شفاف انتخابات کے لیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا، ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں، اپوزیشن کی جانب سے پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پس ماندہ علاقے ہیں، پہلی مرتبہ پس ماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیے جارہے ہیں، عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے۔
بعدازاں وزیراعظم نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ ہو یا قومی اسمبلی، ہماری ترجیح عوامی مفاد ہے، ہمارا مشن فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہونا ہے، ہمیں اسٹیٹس کو اور مافیا کو شکست دینا ہے، ہم لوٹ مار کا بازار ختم کرکے غریب کے حالات بہتر کرنا چاہتے ہیں، ہمارے لوگ متحد ہیں، حفیظ شیخ کامیاب ہوں گے، سینیٹ میں اکثریت حاصل کرکے عوامی مفاد کی قانون سازی کریں گے۔