اپوزیشن سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کو سپورٹ کررہی ہے، وزیراعظم
کلرسیداں: وزیراعظم نے کہا ہے کہ اگر اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے، سیکریٹ ووٹنگ کے تحت حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کلرسیداں میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کو سپورٹ کررہی ہیں، مولانا فضل الرحمان اس نظام کے سب سے بڑے بینیفشری ہیں، یاد رکھیں اگر اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے، سیکریٹ ووٹنگ کے تحت حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں،
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ 50 کروڑ سے 70 کروڑ روپے لگ چکا، کیسے ممکن ہے کہ پیسہ لگاکر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا، میرے پاس پہلے ویڈیو ہوتی تو میں اپنے خلاف کیسز پر عدالت میں پیش کرتا، وزیراعظم نے کہا سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ویڈیو کی ٹائمنگ کیا ہے، اہم بات یہ کہ ویڈیو سے میرے موقف کی تائید ہوئی۔
عمران خان نے کہا کہ غلط وقت پر دو بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے گندم کی پیداوار کم ہوئی، آٹے کی قیمت نہ بڑھے اس لیے گندم درآمد کررہے ہیں، ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی، ہماری ساری کوشش ہے کہ اپنی برآمدات بڑھائیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دیتا ہوں، کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ درست ہوچکا ہے، سسٹم تبدیل ہونے کے نتائج آئندہ دو تین برس میں سامنے آئیں گے۔