قومی ایئرلائن ہندو یاتریوں کیلیے خصوصی پروازیں چلائے گی

کراچی: قومی ایئرلائن اندرون ملک، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے ہندو یاتریوں کے لیے خصوصی پروازیں فراہم کرے گی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور پاکستان ہندو کونسل کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ یادداشت پر پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک اور پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت پی آئی اے اور پاکستان ہندو کونسل ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ پی آئی اے اندرون ملک، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے ہندو یاتریوں کے لیے خصوصی پروازیں فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے آپریٹ ہونے والی پرواز اور بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستانی حکام اور عوام کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے کے تحت پی آئی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایسی سہولتیں فراہم کریں گے کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے۔
سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ پاکستان میں کئی مذاہب کی اہم اور مقدس عبادت گاہیں ہیں اور قومی ایئرلائن پاکستان کے مختلف شہروں میں ہندوؤں کے مذہبی مقاماتِ تک رسائی کے اقدامات میں تعاون کرے گی۔
سی ای او پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن قائداعظم کے مشن پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔