پٹرولیم مصنوعات مہنگی: ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 65 فیصد اضافے کا اعلان
کراچی: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 65 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
لاہور سے کراچی کا کرایہ ایک لاکھ دس ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہو گیا، لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 80 ہزار سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے کردیا گیا۔
لاہور سے پشاور کا کرایہ ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کردیا گیا، لاہور سے کوئٹہ ایک لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے، لاہور سے ملتان 60 ہزار سے 90 ہزار روپے کرایہ بڑھادیا گیا۔ مرکزی صدر نبیل طارق محمود کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے کارروبار تباہ کردیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان گڈز الائنس نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرائے 60 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا۔
صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہورہے ہیں، نظرثانی نہ کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔
پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا، ایسوسی ایشن نے کہا، ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے تناسب سے کرائے نہیں بڑھائے جاسکتے، حکومت ویسے ہی کہہ دے کہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کرکے گھر بیٹھ جائیں۔
دوسری جانب کمرشل پروازوں کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑا اضافہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 329 روپے 17 پیسے کا بڑا اضافہ ہوچکا جب کہ یکم مارچ کو فی لیٹر قیمت 188 روپے تھی۔ جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ایئرلائنز کے کرایوں میں بھی اضافے کا اندیشہ ہے۔