آئی ایم ایف سے معاہدےکے تحت پیٹرولیم لیوی ہرماہ 4 روپے بڑھانی ہے، شوکت ترین
وزیراعظم عمران خان کےمشیر خزانہ شوکت ترین نےکہا ہےکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات طے پاگئے ہیں، پیٹرولیم لیوی ہر ماہ 4 روپے بڑھانی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا، مذاکرات کامیاب ہونے میں تاخیر اس لیے ہوئی کہ مارچ میں جن اقدامات پر عمل درآمد کا وعدہ کر لیا گیا تھا، آئی ایم ایف ان سے پیچھے ہٹنےکے لیے تیار نہیں تھا، اب ٹیکس وصولیوں کا ہدف ایک ہزار 600 ارب روپے مقررکیا گیا ہے۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نےکہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی مہنگی کرنے پر رضامندی پہلے ہوگئی تھی، ہم نے 500 ملین ڈالر لیے تھے، معاہدے سے پیچھےہٹنا مشکل ہوگیا تھا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ہم اپنے مؤقف پر کھڑے رہے، پیٹرولیم لیوی 10 ارب روپے کرنےکا کہا تھا وہ توہم نہیں کرسکیں گے، پیٹرولیم لیوی ہر ماہ 4 روپے بڑھانی ہے اور پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی30 روپے تک لے کر جانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک اصلاحات کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائےگا،گورنر اسٹیٹ بنک نیب کو جوابدہ ہوگا اور وزیر خزانہ کے مشورے سےکام کرےگا۔