پشاور پی ایس ایل مقابلوں کی میزبانی سے محروم، اسٹیڈیم جون میں مکمل ہوگا
پشاور: خیبرپختون خوا کے وزیر کھیل کے مشیر امجد عزیز ملک نے انکشاف کیا ہے کہ پشاور میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام رواں سال جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل کے مشیر کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر قریباً 2 ارب روپے خرچ ہوں گے، اسٹیڈیم میں کرسیاں لگنے سمیت پویلین تیار ہوچکا جب کہ فلڈ لائٹس لگنا باقی ہیں۔
انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ملک کی مالی حالت اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اسٹیڈیم کی تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، گھاس کی اگائی اور پچز تیار کرلی گئی ہیں، ہمیں امید ہے کہ جون تک کام مکمل ہوجائے گا۔
حیات آباد اسٹیڈیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام قریباً مکمل ہوچکا ہے، اسٹیڈیم اگلے 6 ہفتوں کے دوران کے پی کے اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کردیا جائے گا۔
مشیر کھیل نے کہا کہ رواں برس ارباب نیاز اسٹیڈیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کی میزبانی نہیں کرسکے گا کیونکہ ایونٹ فروری اور مارچ کے درمیان شیڈول ہے۔