پی ڈی ایم: زرداری، نواز اور مولانا فضل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: پی ڈی ایم کے تین بڑے نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری حزب مخالف اتحاد کو فعال رکھنے کے لیے متحرک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس سے قبل پی ڈی ایم کے تین بڑوں مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے فریقین کو لچک دکھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اختلافی امور کو حل کرنے کا بہترین فورم پی ڈی ایم ہے اور ہم پر بھاری ذمے داری ہے، ہمیں عوام کو مایوس نہیں کرنا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پی ڈی ایم کو کامیاب بنانے کے لیے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی رائے دی جب کہ آصف زرداری نے استعفوں سمیت تمام امور پر ایک دوسرے کا مؤقف کھلے دل سے سننے پر زور دیا اور پی ڈی ایم کوعوام کے مسائل کے حوالے سے نجات دہندہ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ حکمرانوں کی عاقبت نااندیشی ملکی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہے، اپوزیشن اتحاد حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرے گا۔
سابق صدر نے مختلف نظریات کے باوجود پی ڈی ایم اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔