پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی سے اعتماد کے 186 ووٹ حاصل کرلیے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اسمبلی سے 186 اراکین کے اعتماد کے ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، ووٹنگ کی کارروائی کے دوران متحدہ اپوزیشن نے بائیکاٹ کرکے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا، اسپیکر نے اراکین کو ایوان میں بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائیں اور پھر اجلاس 12 بج کر پانچ منٹ تک ملتوی کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے حکومت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور سینئر وزیر راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال کے نام پکار کر انہیں قرارداد پیش کرنے کی ہدایت کی، قانون کے مطابق کارروائی سے قبل پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں اور پھر دروازے بند کردیے گئے۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ کے لیے راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال نے قرارداد پیش کی اور پھر ووٹنگ کا عمل شروع کیا گیا، جس کے بعد تمام اراکین نے باری باری اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
اپوزیشن اراکین کی جانب سے قرارداد پیش ہونے کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کی گئی اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے شدید نعرے لگائے گئے۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے اور اسمبلی کی عمارت کے باہر احتجاج کیا۔ اپوزیشن اراکین نے غصے میں لابی کا دروازہ لاتیں مار کر توڑا۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی ہوئی اور پھر اسپیکر سبطین خان نے اعلان کیا کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لے کر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ اسپیکر کے اعلان کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کے اراکین نے ڈائس بجائیں جب کہ باری باری پرویز الہیٰ کو مبارک باد بھی پیش کی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پی ٹی آئی، ق لیگ اور آزاد امیدوار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی امیدوں پر پورا اتریں گے ہمیں اُن پر یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سیاست مکمل ختم ہوچکی ہے۔
پرویز الہٰی نے خطاب میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، حماد اظہر، حافظ فرحت نواز اور زلفی بخاری کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں گھبرانا نہیں ہے، ساٹھ ہزار نوکریاں دے رہے ہیں، خواتین کے حلقے میں اتنے کام کروائیں گے ن لیگ کا نام ختم ہوجائے گا، ن لیگ کے منہ کالے ہوگئے ادھر ہی لیٹ کر واپس چلے گئے ہیں، احساس پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے، گھر بیٹھے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ پر دس لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے جس سے وہ بارہ ملین ڈالر سے زائد حاصل کرسکیں گے، کیلیفورنیا کے اسپیکر نے پنجاب حکومت سے نالج پارک میں کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ جب ان کو پکڑتے ہیں تو سب سے پہلے بیمار ہوجاتے ہیں، جوں ہی پاکستان سے باہر جاتے ہیں ہشاش بشاش ہوجاتے ہیں، وفاقی حکومت نے مہنگائی ڈبل کردی ہے، آٹے کی قیمت آسمان پر پہنچادی ہے، ہیلتھ کارڈ کا بہترین کام ہے نئے اسپتال بنارہے ہیں، ہم تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ٹیومر سمیت مختلف بیماریوں کےلئے علاج کی مفت سہولت دیں گے، جناح اسپتال میں ٹراما سینٹر بنا دیا جہاں ڈھائی سو بیڈ لگائے گئے ہیں، اچھے کام کئے تو ن لیگ نظر نہیں آئے گی۔
پرویز الہیٰ نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو بھی نوکریاں دینے کےلئے تیار ہیں، عمران خان نے جو نئے پاکستان کا خواب دیکھا تھا اسے کامیاب کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔