پیرس پیرالمپکس: پاکستان کے حیدرعلی ڈسک تھرو میں برانز میڈل جیتنے میں کامیاب
فرانس: پاکستان کے حیدر علی نے پیرس میں جاری پیرالمپکس گیمز میں ڈسک تھرو میں برانز میڈل جیت لیا جب کہ ازبکستان کے ایتھلیٹ نے 56.03 میٹر کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے حیدرعلی نے آخری کوشش میں 52.54 میٹر دور ڈسک پھینکی تھی، پہلی تھرو ان کی 52.28 میٹر رہی تھی، دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں کوشش فاؤل قرار دی گئی۔
گوجرانوالا سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ایف 37 کیٹگری کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں یہ میڈل اپنے نام کیا ہے۔ حیدر علی نے ٹوکیو گیمز میں ڈسکس تھرو ایونٹ میں 52.26 میٹر کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔
حیدر علی نے 2008 بیجنگ گیمز کے لانگ جمپ ایونٹ میں سلور میڈل لیا، 2016 ریو پیرالمپکس گیمز میں برانز میڈل پایا تھا۔ یہ ان کا پیرالمپکس گیمز میں مجموعی طورپر چوتھا میڈل ہے۔
حیدر علی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں سلور میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں، ایشین پیراگیمز میں چار گولڈ میڈل کے ساتھ دو برانز میڈلز بھی ان کے نام رہے ہیں۔ وہ اس سے پہلے پاکستان کے لیے مجموعی طورپر پانچ گولڈ، دوسلور اور تین برانز میڈل لے چکے ہیں۔