کیٹیگری سی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو 31 دسمبر تک وطن واپسی کی اجازت
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کیٹگری سی کے ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے سہولت کا اعلان کر دیا۔
این سی اوسی نے کیٹیگری سی کے ممالک میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو 31 دسمبر تک وطن واپسی کی اجازت دے دی۔ کیٹیگری سی ممالک سے وطن واپس آنے والوں کو ویکسین سرٹیفکیٹ، اڑتالیس گھنٹے قبل کا کورونا منفی ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرائط پورا کرنا ہوں گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ اکثر ممالک میں 15 سے 18 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع نہیں ہوئی۔ اس لیے بچوں کے لیے ویکسی نیشن کی شرط میں بھی نرمی کردی گئی۔15سے18سا ل کے بچوں کو ویکسینیشن کے بغیر بھی 31 جنوری 2022تک سفر کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے کیٹگری سی میں شامل ممالک پر مکمل سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔ ان ممالک سے پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہے۔صرف ایمرجنسی کی صورت میں سفر کی خصوصی اجازت دی جائے گی۔
کیٹیگری سی میں کروشیا ،ہنگری ، یوکرین ، آئرلینڈ ،سولوینیا ، ویتنام اور پولینڈ کو شامل کیا گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ ،موزمبیق ،لیسوتھو،بوٹسوانا،زمبابوے اور نمیبیا بھی کیٹیگری سی میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے افریقی ممالک میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون سامنے آنے کے بعد نئی سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔