میرے لباس سے پاکستانیوں کا دماغ خراب ہوجاتا ہے، اُشنا شاہ
کراچی: ٹی وی کی مقبول اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ میرے لباس یا ٹانگیں دکھانے پر شوہر کو کوئی مسئلہ نہیں لیکن پاکستانیوں کا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا، ایک طرف تو پاکستانی مسلمان نرگس فخری کے آئٹم سونگز کو شوق سے دیکھتے ہیں اور ان پر جھومتے ہیں، دوسری طرف وہ ان کے لباس پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
اُشنا نے کہا کہ میری پرورش کینیڈا جیسے ملک میں ہوئی جہاں کی تربیت پاکستان سے مختلف ہے جب کہ میں نے ایسے ہی ماحول میں تربیت پانے والے سفید فام مرد سے شادی کی، جو میری طرح لبرل اور کھلی ذہنیت کے مالک ہیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ان کے مختصر یا بولڈ لباس پہننے سمیت ان کی جانب سے بیرون ملک میں ٹانگیں دکھانے پر ان کے شوہر کو کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن ان کی ایسی تصاویر دیکھ کر پاکستانیوں کا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔
اُشنا کے مطابق ان میں اور پاکستانیوں میں یہی فرق ہے کہ ان کی تربیت دو مختلف ماحول میں ہوئی، لیکن وہ پاکستانیوں کی منافقت دیکھ کر حیران ہوتی ہیں۔
اشنا شاہ نے مزید لکھا کہ میری آج تک کی سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ میں نے اپنی شادی پر جو سرخ رنگ کی چولی (شرٹ) پہنی تھی، اس پر میں نے قوم اور مداحوں سے معافی مانگی تھی، مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے لکھا کہ اب میں اپنی مرضی سے زندگی گزاروں گی، لباس پر معافی نہیں مانگوں گی اور پاکستانی چاہے آئٹم سانگز دیکھیں یا پورن ویڈیوز کو تلاش کرتے رہیں لیکن میں ان کی منافقت سے نہ ڈروں گی اور نہ اس پر بات کروں گی۔