پاکستانی کوہِ پیما نے کے ٹو سر کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
اسلام آباد:پاکستانی کوہِ پیما شہروز کاشف نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کر کے سب سے کم عمری میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے کا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔
شہروز کے والد کاشف سلمان کے مطابق شہروز نے آج صبح 8 بجکر دس منٹ پر کے ٹو سر کی، 19 سالہ شہروز کاشف کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔
والد نے کہا کہ شہروز کاشف نے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔8 ہزار 611میٹر بلند کے ٹو دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی ہے۔
شہروز کے فیس بُک پیج پر ان کی مہم جوئی کی لائیو اپڈیٹس بھی شیئر کی جارہی ہیں۔
شہروز کاشف دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستان کے پہلے جبکہ دنیا کے چوتھے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں، شہروز کاشف نے2 ماہ پہلے 11 مئی کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف 17 برس کی عمر میں پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بھی ہیں