پاکستانی فلمساز کی فلم ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد
نیویارک: پاکستانی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر‘ کو ایمی ایوازڈز کے لیے نامزد کرلیا گیا۔
پاکستانی نژاد امریکی دستاویزی فلم ساز محمد علی نقوی جنہیں آسکر اکیڈمی کے ارکان میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے، کی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر‘ کو مشہور بین الاقوامی فلم ایوارڈ ا’ایمی‘ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ خبر محمد علی نقوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی، انہوں نے فلم کے پوسٹر اور ایمی ایوارڈز میں نامزدگی کی تصویر کا کولاج بنا کر شیئر کیا۔
فلم ساز نے کیپشن میں لکھا کہ ہماری دستاویزی فلم ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر کو ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
غیر ملکی ہدایتکار برائن نیپنبرگر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس دستاویزی سیریز کا آغاز 9/11 کے الم ناک واقعات سے ہوتا ہے جس میں 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں کے ساتھ امریکا اور افغانستان کے درمیان ہونے والے واقعات کی عکس بندی بھی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ یہ فلم 2021 میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کی گئی تھی جس نے دستاویزی فلموں میں ٹاپ 10 کی فہرست میں جگہ بنائی تھی۔