دوسرا ٹیسٹ: پہلے روز نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 309 رنز جوڑ لیے
کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم نے ڈیوڈ کانوے کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز جوڑ لیے ہیں۔
دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ کین ولیمسن 36 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نسیم شاہ انہیں آئوٹ کیا جب کہ ڈیرل مچل 3 رنز بناکر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور ایش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔
پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ بولرز کو آزمایا، تاہم کوئی بھی بولر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم نے محمد وسیم اور اسپنر نعمان علی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی اور نسیم شاہ کو شامل کیا جب کہ مہمان ٹیم نے فاسٹ بولر نیل واگنر کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم کا حصہ بنایا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔