ٹی 20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ، پاک بھارت کل ٹکرائیں گے
میلبورن: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مقابلے جاری ہیں، کل اس میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ دونوں ملکوں کے شائقین اس حوالے سے خاصے پُرجوش ہیں۔
کچھ روز قبل میلبورن میں اتوار کو 90 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، جس کے بعد شائقین کرکٹ میں خاصی مایوسی پائی جاتی تھی، تاہم اب اچھی خبر یہ ہے کہ میلبورن کا موسم پچھلے دو روز سے بہتر ہوا ہے اور دھوپ نکل رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بارش کے امکانات میں کمی واقع ہورہی ہے۔ پچھلے دو روز سے موسم سے متعلق کی گئی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں اور ان شاء اللہ کل بھی ایسا ہونے کی امید ہے۔
روایتی حریفوں کے مقابلے کے حوالے سے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ 2021 کا پاک بھارت ورلڈکپ ٹاکرا بھارت کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا تھا، جس میں اُسے پاکستان کے ہاتھوں تاریخ کی بدترین ہزیمت 10 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ محمد رضوان اور بابراعظم نے بغیر کسی نقصان کے بھارت کی جانب سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف عبور کیا تھا۔