پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، بی جے پی رہنما سبرامنیئن سوامی

نئی دہلی: بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سبرامنیئن سوامی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے مار گرانے کا اعتراف کرلیا اور کہا ہے کہ مودی کے ہوتے ہوئے طیارے گرنے کی تحقیقات ممکن نہیں۔
سبرامنیئن سوامی نے ایک انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے مار گرائے۔ سبرامنیئن سوامی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ چین کے طیارے بہترین جب کہ فرانس کے طیارے اچھے نہیں تھے، مودی کے ہوتے ہوئے طیارے گرنے کے معاملے پر تحقیقات اور بات چیت ممکن نہیں۔
بھارتی ٹی وی کے میزبان نے بی جے پی رہنما سوامی سے سوال کیا کہ اپوزیشن لیڈر نے بھی سوال کیا تھا کہ ہمارے کتنے طیارے گرے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے۔ بی جے پی کے رہنما سوامی نے اْمید ظاہر کی کہ مودی طیارے گرنے کے معاملے پر قوم کو سچائی سے آگاہ کریں گے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بی جے پی رہنما سبرامنیئن سوامی نے مودی اور امیت شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔ پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو فضا میں شکست دے کر مودی کی جنگی حکمت عملی کو بے اثر کردیا، مودی سرکار کی ناکام حکمتِ عملی نے بھارت کو محاذِ جنگ پر کمزور کیا، پاکستان کی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا۔