ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے کئی ریکارڈز بنالیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے کئی ریکارڈز قائم کر دیے۔اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے کے بعد ٹی 20 ورلڈکپ 2021 میں پاکستان گروپ ٹو کی ناقابل شکست ٹیم بن گئی کیونکہ پاکستان نے گروپ ٹو میں اپنے تمام میچز جیتے۔
پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ ایونٹ میں بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کو شکست دی جبکہ نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو بھی شکست سے دوچار کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کے 5 میچز میں 264 رنز بنائے۔
سپر 12 کے آخری میچ میں شعیب ملک نے ٹورنامنٹ میں لوکیش راہول کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ لوکیش راہول نے 18 گیندوں پر 50 اور شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں 4 نصف سنچریاں بنا کر بابر اعظم نے ہیڈن اور کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ میتھیو ہیڈن نے 2007 کے ورلڈکپ میں 4 نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ ویرات کوہلی نے 2014 کے ورلڈکپ میں 4 نصف سنچریاں بنائیں۔
پاکستانی بلے باز محمد رضوان کلینڈر ایئر میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔ کرس گیل نے 2015 میں 1665 رنز بنائے تھے جبکہ محمد رضوان نے کلینڈر ایئر 2021 میں 1666 رنز بنا لیے۔
شعیب ملک ٹی 20 کی تاریخ میں 6 چھکے مارنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
10 نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جبکہ 11 نومبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم بن جائیگی