جدید ہتھیاروں سے لیس پاک بحریہ کی آبدوز غازی چین میں لانچ
اسلام آباد/ بیجنگ: جدید ہتھیاروں سے لیس پاکستان نیوی کی آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگ لیو بیس پر لانچ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی نے ہنگور آبدوز پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگ لیو بیس پر لانچ کردیا گیا ہے، غازی کی لانچنگ کے بعد چین میں زیر تکمیل چاروں ہنگور آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہیں، پاکستان نیوی کی غازی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ہے جو چین میں تیار کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ ہے، معاہدے کے تحت 4 ہنگور آبدوزیں چین جب کہ 4 پاکستان میں تیار کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی شپ یارڈ میں ہنگور آبدوزوں کی تیاری ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی، ہنگور آبدوزیں دُور مار اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔