بھارت کا ابھی نندن کو اعزاز دینا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے: پاکستان
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فروری 2019 میں ایف 16 گرانے کا بھارتی دعوٰی مسترد کرتے ہیں، ایف 16 جہاز گرانے کے بھارتی دعوے بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، ابھی نندن کو ایوارڈ دینے کا مقصد بھارتی عوام کی اصل مدعا سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنے عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی ماہرین اور امریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ اس دن کوئی ایف 16 طیارہ نہیں مار گرایا گیا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے طیاروں کے اسٹاک کا بغور جائزہ لے کر طیارہ نہ گرائے جانے کی تصدیق کی تھی لہٰذا بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی کنڈکٹ اور اقدار کے منافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، 27 فروری 2019 کو پاکستان ایئرفورس نے 2 بھارتی جہازوں کو دن کی روشنی میں مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ 21 طیارہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں مارگرایا تھا، تباہ شدہ بھارتی جہاز سے نکلنے والے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑ کر بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دوسرا بھارتی ایس یو 30 جنگی طیارہ پاکستان ایئرفورس نے مار گرایا جو ایل او سی کی دوسری جانب گرا، اسی دن بھارتی فوج نے خوف کے باعث اپنا ہی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سری نگر کے قریب مار گرایا، پہلے بھارتی فوج نے اس سے انکار کیا بعد میں اپنی غلطی کو تسلیم کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فروری 2019 کی طرح ہر دم تیار اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے مستعد ہے، بھارت کو فروری 2019 کے پاکستان کے منہ توڑ جواب کے باعث مستقبل میں ایسی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔