دو بھائیوں کا بڑا کارنامہ، پاکستان کا پہلا الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر تیار کرلیا!
پشاور: قاضی برادران نے پاکستان کا پہلا الٹرا لائٹ (ہلکا ترین) ہیلی کاپٹر تیار کرلیا۔
پشاور کے مضافاتی علاقے لنڈی ارباب سے تعلق رکھنے والے قاضی سجاد احمد اور قاضی طفیل احمد نے ہیلی کاپٹر کی کامیاب پرواز کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔
ہیلی کاپٹر بنانے کے حوالے سے قاضی سجاد احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے 1978 میں جیمز بانڈ کی ایک فلم دیکھی تھی جس سے متاثر ہوکر یہ ہیلی کاپٹر بنایا ہے۔
قاضی سجاد کا کہنا ہے کہ الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر بنانے میں 15 لاکھ روپے خرچ ہوئے اور یہ ہیلی کاپٹر 6 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کی خاطر اسپرے کرنے کے لیے ترکی سے جہاز منگوا رہی ہے جب کہ ان کا تیار کردہ ہیلی کاپٹر بھی یہ کام بخوبی کر سکتا ہے اور اس کی لاگت بھی کہیں زیادہ کم ہے۔
قاضی برادران کا تیار کردہ یہ الٹرا لائٹ ہیلی کاپٹر پاکستان سول ایوی ایشن میں رجسٹرڈ ہے اور قاضی طفیل سجاد، جو ایک پروفیشنل پائلٹ ہیں، نے حکومت سے تعاون کی درخواست کی ہے، تاکہ ہیلی کاپٹر میں مزید بہتری لائی جا سکے۔